ریاض، 26ستمبر(ایجنسی) سعودی عرب کے ولی عہد ،نائب وزیر اعظم اور وزیر داخلہ شہزادہ محمد بن نایف 29 اور 30 ستمبر کو ترکی کا سرکاری دورہ کریں گے۔
اس دو روزہ دورے میں توقع ہے کہ وہ ترک صدر رجب طیب ایردوآن ، وزیراعظم بن علی یلدرم اور دوسرے اعلیٰ عہدے داروں سے دہشت گردی کے خلاف جنگ ، دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے طریقوں اور تمام شعبوں میں
تعاون بڑھانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔
سعودی ولی عہد اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس میں شرکت کے بعد یہ دورہ کررہے ہیں اور جولائی میں صدر رجب طیب ایردوآن کے خلاف ناکام فوجی بغاوت کے بعد ان کا ترکی کا یہ پہلا دورہ ہے۔ وہ ترکی کی بڑی کمپنیوں سے دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تجارت اور سعودی عرب میں ان کی جانب سے سرمایہ کاری کو فروغ دینے سے متعلق اقدامات پر بھی بات چیت کریں گے۔